بھٹکل18؍دسمبر (ایس او نیوز)رات کے وقت ساگر روڈ پر وقت گزاری کے بعد لوٹتے ہوئے بائک پھسل جانے کی وجہ سے ایک نوجوان موت کا شکار ہوگیا۔ تفصیلات کے مطابق بھٹکل ہاوسنگ بورڈ کے مقیم سہیل مصباح (31) اور اس کے تین دوست ساگر روڈ پر وقت گزاری کے لئے گئے ہوئے تھے۔آدھی رات کے قریب سہیل اپنے دوستوں کو وہیں چھوڑ کر اکیلا گھر واپس آنے کے لئے نکلا ۔لیکن کچھ وقفے کے بعد اس کے باقی دوست واپس لوٹنے لگے تو مبینہ طور پرانہوں نے دیکھا کہ راستے میں سہیل کی اسکوٹر حادثے کا شکار ہوگئی ہے اور وہ زخمی حالت میں سڑک پر پڑا ہوا ہے۔
اس کے دوستوں نے اسے اٹھاکر اس کے گھر لانے کے بعد سہیل کے بھائی کو اطلاع دی اور وہاں سے زخمی سہیل کو سرکاری اسپتال لے جایا گیا، مگر ڈاکتروں نے بتایا کہ اس کی روح قبض ہوچکی ہے۔
حادثے کی اطلاع ملتے ہی سرکاری اسپتال کے احاطے میں کافی لوگ جمع ہوگئے، بھٹکل مسلم یوتھ فیڈریشن کے صدر امتیاز اُدیاور سمیت دیگر کافی اسپورٹس سینٹروں کے ممبران بھی واقعے کی جانکاری ملتے ہی سرکاری اسپتال پہنچے اور ضروری کاروائیوں کے لئے گھروالوں کے تعائون کیا۔
اس دوران وہاٹس ایپ پر افواہیں پھیلنے لگی کہ سہیل کو اس کے دوستوں نے ہی قتل کرکے اُسے ساگر روڈ جنگل کے قریب پھینک دیا تھا اور بعد میں دیگر لوگوں نے اس کی لاش کو اسپتال پہنچایا، وہاٹس ایپ پر جھوٹی خبر اتنی تیزی کے ساتھ پھیلی کہ ہرکوئی اس حادثے کو مرڈرہی سمجھنے لگا تھا۔ مگر بعد میں اصلی حقیقیت سامنے آئی کہ اس کیموت حادثے سے ہوئی ہے۔
پولس نے بتایا کہ وہ جائے واردات کا معائنہ کرچکے ہیں، جس کے بعد یہ بات صاف ہوگئی ہے کہ سہیل کی بائک غالباً تیز رفتاری کی وجہ سے بے قابو ہوگئی تھی، جس کی بنا پر وہ حادثہ کا شکار ہوگیا۔ سہیل کے سر اور چہرے پر گہری چوٹ لگی تھی اور گمان یہی ہے کہ اندرونی چوٹ کی وجہ سے ہی اس کی موت واقع ہوئی ہے۔
سرکاری اسپتال میں پوسٹ مارٹم کے بعد لاش کو گھروالوں کے حوالے کیا گیا۔ معاملے کے تعلق سے مضافاتی پولس تھانہ میں معاملہ درج کرلیا گیا ہے اور پولس مزید چھان بین کررہی ہے۔
گھروالوں نے بتایا کہ سہیل کی نماز جنازہ بھٹکل جامع مسجد میں شب قریب نو بجے ادا کی جائے گی اور پرانے قبرستان میں تدفین عمل میں آئے گی۔
خیال رہے کہ سہیل مصباح دبئی میں ملازمت کرتا تھا، دس دن پہلے ہی وہ بھٹکل پہنچا تھا اور آج اتوار کو واپس دوبئی روانہ ہونے والا تھا، مگر اس سے پہلے ہی خالق حقیقی کے پاس پہنچ گیا۔ اللہ اس نوجوان کی مغفرت فرمائے اور اہل خانہ کو صبر جمیل عطا فرمائے۔